وفاقی حکومت نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر نوجوانوں کو مفت اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ، قرض اور نوکریاں سمیت بہت کچھ دے کر مالامال کرنے کا اعلان کر دیا۔
نوجوانوں کے عالمی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ ملک کے تمام وسائل قوم کے نوجوانوں کے قدموں میں نچھاور کردیں گے، تمام اخراجات ختم کردیں گے اور 14 اگست کو اقتصادی بحالی پروگرام کا اعلان کروں گا۔
انہوں نے 10 لاکھ طالبعلموں کو میرٹ پر اسمارٹ فون دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ لیپ ٹاپ بھی دیے جائيں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ آئی ٹی کے میدان میں چینی کمپنی سے طالبعلموں کو مفت ٹریننگ دلوائیں گے، بینک بھی نوجوانوں کو قرضے دیں گے، بینکوں کے سامنے شرط بھی رکھی ہے کہ نوجوانوں کو ملازمت دیں گے۔
شہباز شریف نے کہاکہ ملک پر قرضوں کے پہاڑ لگ گئے ہیں، حکومت، اشرافیہ اور سب کو اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے تقریب میں اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کیلئے تالیاں بھی بجوائيں۔